Cooling System in Water Cooled Engines

گاڑی کے تھرموسٹیٹ والو کو ہٹانا انجن کی موت کاباعث بن سکتا ہے




میں پچھلے کئی سالوں سے اس تگ و دو میں رہا ہوں کہ شاید کوئی ایسا مکینک مل سکے جو گاڑی کو اس اصلی حالت میں رکھنے میں مددگار ہو سکے۔گاڑی کا گرم ہونا ایک ایسا ہی مسئلہ ہے جو آج زیرِ بحث ہے۔ اس دوران  میں بہت سے ایسے گاڑی مالکان سےبھی  ملا جوکہ  اپنے مکینک  سے کسی حد تک مطمٔن  بھی تھے کہ گاڑی کا تھرموسٹیٹ والو ہٹا دینا چاہیے ۔خاص طور پر جب حال ہی میں آپ کی گاڑی کا ہیڈ گاسکٹ تباہ ہوا ہو تا کہ یہ چلتے ہوئے ٹھنڈا رہے۔ ان میں سے کچھ لوگ تو بالکل نئی گاڑی شوروم سے خریدنے کے بعد ہی اسے اتار دیتے ہیں۔اور ایک صاحب جو کہ اب ایک آٹو سپیئر پارٹس کی دوکان چلاتے ہیں نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ گرمیوں میں تو اس کو بالکل نکال دینا چاہیے، اور انہوں نے بتایا کہ وہ ایک پیشہ ور ڈرائیور تھے اور ایسا ہی کرتے تھے۔ اب میں اس بات کی وضاحت کرتا ہوں کہ  اس حرکت سے آپ کی گاڑی کے لیے تباہی آنے کے ساتھ ساتھ مستقبل بعید میں آپ کی جیب پر بھی برا   اثر پڑتا ہے۔
تھرمو سٹیٹ کا مقصد
تھرموسٹیٹ والو ایک خاص درجہ حرارت پر کھلنے کے لیے ڈیزائن کیے جاتے ہیں اور یہ درجہ حرارت 85 سے 95 ڈگری کے مابین ہوتا ہے۔  یہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ کولنٹ آپکی گاڑی کے ریڈی ایٹر میں سے باہر نہ نکلے جب تک گاڑی اس کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نہ حاصل کر لے۔ زیادہ درجہ حرارت پر انجن چلنے سے نہ صرف بہتر کارکردگی ملتی ہے بلکہ انجن آئل کی وسکاسٹی بھی کم ہوتی ہے جس سے وہ انجن کے تنگ حصوں میں بھی باآسانی پہنچ جاتا ہے اور اس بہتر آئل فلو کی وجہ سے آپ کوفی لیٹرایندھن پر بہتر اوسط ملتی ہے۔ جب تک انجن آپریٹنگ درجہ حرارت تک نہیں پہنچتا تب تک آکسیجن سینسر کا لوپ کھلا رہتا ہے جس کا مطلب ہے کہ گاڑی کا ای سی ایم کمبشن چیمبر میں زیادہ فیول داخل کرتا رہتا ہے تاکہ ٹھنڈے انجن کے درجہ حرارت کا ازالہ کیا جا سکے۔
جیسے ہی یہ انجن گرم ہوتا ہے پسٹن اور رنگز پھیل جاتے ہیں جو کہ سلینڈر کی دیواروں کے ساتھ ایک زیادہ ٹائٹ سیل بناتے ہیں جس سے بہتر کمپریشن ملتا ہے جس کے نتیجے میں انجن کی کارکردگی بہتر ہوجاتی ہے اور وہ ٹھنڈے انجن کی نسبت بہت کم ایندھن میں زیادہ پاور پیدا کرتا ہے۔
جیسے ہی انجن آپریٹنگ درجہ حرارت حاصل کرتا ہے تو ٹھنڈے انجن کی نسبت فیول کا انٹیک بہت کم ہو جاتا ہے اور اس کم فیول سے بھی بالکل اتنا ہی ٹارق پیدا ہوتا ہے اور ڈرائیونگ اور بھی زیادہ قابل لطف ہو جاتی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ گاڑی کا انجن زیادہ رسپونسو ہوگیا ہے اور گاڑی کے ای سی ایم نے پورا سسٹم نئے درجہ حرارت کے مطابق سیٹ کر دیا ہے۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کیوں کہ جدید انجن اور ای سی ایم سسٹم اس انداز میں ڈیزائن کیے جاتے ہیں کہ وہ گاڑٰی میں موجود تمام فزیکل پارٹس کے درجہ حرارت کے گراف کا بہت باریکی سے مشاہدہ کرتے رہیں۔
اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنا

اگر ایک گاڑی کا ملک اپنے ریڈی ایٹر میں کمپنی کے تجویز کردہ کولنٹ کی بجائے نلکے کا پانی استعمال کرے گا تو وہ پانی آہستہ آہستہ سلینڈر ہیڈ پر ہیڈ گیسکٹ کے پاس کمبشن چیمبر کے گرد پلیٹوں پر آہستہ آہستہ ختم ہو جائے گا۔ مزید یہ کہ پانی میں موجود معدنیات کولنگ سسٹم کی دیواروں پر ایک موٹی دھاتی تہہ بنا دیں گی جس سے گاڑی کے کولنگ سسٹم کی کارکردگی تباہ ہو جائے گی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہیڈ گاسکٹ پر زنگ اور معدنیات کے جمع ہونے سے نہ صرف کولنگ سسٹم کی کارکردگی گر جائے گی بلکہ ہیڈ گیسکٹ کی دھاتی پلیٹوں پر ایک برا سوراخ بن جائے گا جس سے کولنٹ کمبسشن چیمبر میں براہ راست داخل ہو گا اور کمبشن چیمبر کی گرم گیس کولنگ سسٹم میں داخل ہو گی۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب ہمارے زہین مکینک اس معاملے میں کودتے ہیں۔
نیم حکیم خطرۂِ جان
ہمارے مکینکوں کی ایک بہت بڑی تعداد ہیڈ گیسکٹ بدلنے کے بعد کولنگ سسٹم کا تھرموسٹیٹ والو بھی اتار دیتے ہیں تاکہ یہ ٹھنڈا رہے۔  جب تھرموسٹیٹ والو کو اتار دیا جاتا ہے تو ریڈی ایٹر میں کولنٹ کا بہاؤ بغیر کسی رکاوٹ کے ہوتا ہے۔ مجھے یہ پھر سے کہنے دیں کہ بلا کسی رکاوٹ ہوتا ہے جس کا مطلب ہے کہ کولنٹ ہر وقت ریڈی ایٹر میں ضرورت سے زیادہ فلو ریٹ کے ساتھ گھومتا ہے کیوں کہ عام حالات میں اسے سنبھالنے کے لیے تھرموسٹیٹ والو ہوتا ہے اور یہ کھلی حالت میں بھی کولنٹ کو بلا روک ٹوک نہیں جانے دیتا کیونکہ اس کا ڈیزائن ہی ایسا ہوتا ہے۔

اس سب کے علاوہ ریڈی ایٹر فین کو بھی ڈائریکٹ کر دیا جاتا ہے۔ جس کے نتیجے میں انجن سٹارٹ ہونے کے بہت دیر بعد بھی ٹھنڈا رہتا ہے جو اس کی کارکردگی، فیول اکانومی کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ انجن کے بہت زیادہ گھسنے کا بھی باعث بنتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انجن آئل کو مزکورہ وسکاسٹی تک پہنچنے میں بھی بہت وقت لگتا ہے  جس سے آئل فلو متاثر ہوتا ہے اور انجن آئل کو انجن کے تنگ حصوں میں پہنچنے میں مشکل آتی ہے اور اس کے علاوہ ٹھنڈے اور گاڑھے انجن آئل کو کھینچنے میں بھی زیادہ طاقت صرف ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ آکسیجن سینسر شروع میں بہت زیادہ چلنے کی وجہ سے خراب ہو جاتا ہے اور آپ کی گاڑی ایندھن کھانے والا جن بن جاتی ہے۔
غلط خیالات کو ختم کریں

ایک دفعہ جب انجن ان حالات میں آپریٹنگ درجہ حرارت تک پہنچتا ہے (جی ہاں ان حالات میں بھی انجن آپریٹنگ درجہ حرارت تک پہنچ جاتا ہے) کولنٹ گاڑی کے ریڈی ایٹر میں آزادانہ گھومتا رہتا ہے اور جب کہ ریڈٰی ایٹر فین بھی آن ہوتا ہے تب بھی کولنٹ ٹھنڈا ہونے کے لیے زیادہ وقت ریڈی ایٹر میں نہیں رہتا۔ جس کے نتیجے میں گرم کولنٹ مزید گرم ہوتا رہتا ہے اور ایک وقت آتا ہے جب ہیڈ گیسکٹ زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے تباہ ہوجاتی ہے کیونکہ یہ زیادہ درجہ حرارت دھاتی تھرمل پھیلاؤ کی حد کو عبور کر جاتا ہے جس کی وجہ سے ہیڈ گیسکٹ پھٹ جاتی ہے۔  جی ہاں! ان حالات میں بھی اوور ہیٹنگ ہوتی ہے۔ میں نے اس بیماری میں مبتلا کئی گاڑیاں دیکھی ہیں جن کی وجہ ان کے مکینکوں کا غلط یقین یا عام انٹرنیٹ فورمز کی غلط باتیں ہیں۔ اس موقع پر مکینک قسمیں کھائیں گے اور گاڑی بنانے والی کمپنی کو گالیاں دیں گے یا آٹو پارٹس بیچنے والے کو برا بھلا کہیں گے جس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ آپ کو پورا انجن نیا خریدنا پڑے گا تا کہ یہ پورا سرکل دوبارہ سے شروع کیا جاسکے۔
بچاؤ کے لیے تجاویز
یہاں چند سادہ تجاویز درج ہیں جن پر عمل کر کے آپ اپنی گاڑی کو ان سب غلط چیزوں سے بچا سکتے ہیں۔
اچھے کولنٹ کا استعمال کریں۔ زیادہ تر جاپانی کارساز پانی اور  ایتھلین گلائکول یا  دوسرے کچھ کیمیکلز کا مرکب تجویز کرتے ہیں۔ صحیح کولنٹ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ آپ کی گاڑی کے ہیڈ گیسکٹ کو زنگ نہ لگے کیونکہ اس میں جدید اجزاء ہوتے ہیں جو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ آپ کی گاڑی کے کولنگ سسٹم میں موجود دھاتی حصے پانی کی موجودگی کی وجہ سے زنگ آلود نہ ہوں۔ میں زاتی طور پر تجویز کروں گا کہ آپ 70-30 فیصد کےتناسب کے ساتھ اپنا کولنٹ تیار کریں، یعنی  70 فیصد کولنٹ کے ساتھ آپ 30 فیصد پانی استعمال کر سکتے ہیں۔

اس بات کو یقینی بنائیں کہ گاڑی کا تھرموسٹیٹ والو اس کی اصل جگہ پر موجود ہے اور ریڈی ایٹر فین ڈائریکٹ نہیں ہے۔ اس کی تفصیل اوپر بتائی جا چکی ہے۔
اس بات کی تسلی کر لیں کہ آپ کی گاڑی پر صحیح ریڈی ایٹر کیپ موجود ہے۔ ریڈی ایٹر کیپ اس بات کا اندازہ لگاتا ہے کہ کب تک کولنٹ کولنگ سسٹم میں موجود رہے گا اور اس کے بعد وہ اسے سرکل میں بھیج دیتا ہے۔ ریڈی ایٹر کیپ میں پریشر کنٹرول والو ہوتے ہیں جو صحیح وقت تک کے لیے کولنٹ کو کولنگ سسٹم میں رکھتے ہیں اور ایک خاص درجہ حرارت پر پہنچنے کے بعد وہ  اسے ریزرو  ٹینک میں جانے دیتے ہیں۔ پریشر کولنٹ کے بوائلنگ پوائنٹ کو سنبھالتا ہے تو صحیح پریشر کا مطلب یہ ہے کہ کولنٹ کبھی بھی کولنگ سسٹم میں نہ ابلے تاکہ آپ پرسکون ڈرائیو کر سکیں۔
اپنے مکینک سے ان حالات کے بارے میں ضرور پوچھیں اور اگر وہ آپ کو تھرموسٹیٹ ہٹانے کا مشورہ دیں تو ان سے دور رہیں کیونکہ ان کو بالکل بھی اندازہ نہیں ہے کہ مائع سے ٹھنڈے ہونے والے جدید انجن کیسے کام کرتے ہیں۔    

Comments